دبئی(آن لائن)کویت میں ایک سال کی مدت میں ہونے والے دوسرے پارلیمانی انتخابات کے اب تک کے غیر سرکاری نتائج میں پارلیمنٹ میں خواتین کے لیے مخصوص 15 نشستوں پر تین خواتین امیدوار کامیاب قرار دید ی گئی ہیں جبکہ مجلس امہ کے 18 سابق ارکان اور اہل تشیع کے 17 امیدوار بھی کامیاب ہو گئے ہیں۔العربیہ ٹی وی رپورٹ کے مطابق50 رکنی پارلیمنٹ (مجلس امہ) کے رواں سال دوسری مرتبہ کے انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی۔ اپوزیشن نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کر رکھا تھا اور ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے۔کویتی صحافی داھم القحطانی نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں حصہ لینے والی بعض شخصیات کو پہلے ہی متنازعہ قرار دیا جا چکا تھا۔ خود کویتی الیکشن کمشن نے بھی 12 ارکان کو خراب شہرت کا حامل قرار دیا تھا، ان میں سے 2 کو انتخابات میں حصہ لینے سے پہلے ہی روکدیا گیا تھا۔