سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماﺅں اور علمائے دین نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انہیں فرقوں میں تقسیم کرنے والے مذموم عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد کو مزید فروغ دیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ اپیل بڈگام میںکل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر دفتر پرآزادی پسند اور دینی تنظیموں کے ایک اجلاس میں کی گئی۔ اجلاس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی نے مشترکہ طور پر کی۔ مقررین نے مقبوضہ علاقے میں حالیہ گستاخانہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان سازشوں میں ملوث عناصر اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں۔ انہوں نے گستاخانہ واقعات کے بعد نوجوانوں کو ہراساںکرنے پر بھی تشویش ظاہر کی۔ اجلاس میں مولانا عباس انصاری، نعیم احمد خان، ایڈووکیٹ زاہد علی، غلام رسول ملک، خورشید احمد قانون گو، سید سلیم گیلانی، غلام نبی ذکی، حکیم عبدالرشید، غلام محمد ناگو، مولانا عبدالطیف کندی، مولانا ایم ایس رحمن شمس اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔ ادھر قابض انتظامیہ نے سرینگر کے علاقے زیڈی بل میں مسلسل پابندیاں عائد رکھیں۔