لاہور(خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گذشتہ روز بغیر سکیورٹی اور پروٹوکول میٹرو بس پراجیکٹ کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو دیکھ کر لوگوں کی بڑی تعداد مختلف مقامات پر جمع ہوگئی۔ وزیراعلیٰ لوگوں اور مزدوروں میں گھل مل گئے۔ وزیراعلیٰ چونگی امرسدھو کے قریب بیرئیر لگا کر ٹریفک روکنے کا نوٹس لیتے ہوئے خود گاڑی سے اتر آئے اور خود ہاتھ سے بیرئیر ہٹایا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس کراسنگ پر ٹریفک بند نہ کی جائے۔ اس موقع پر سینکڑوں شہری اور مزدور اکٹھے ہو گئے اور انہوں نے ”شہباز شریف زندہ باد، شیر آیا شیر آیا“ کے واشگاف نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے پوچھا کہ میٹرو بس کا کرایہ کتنا رکھا جائے جس پر شہریوں نے کہا کہ کرایہ اتنا ہونا چاہئے کہ عام آدمی بھی میٹرو بس میں سفر کرسکے۔ ہم میٹرو بس پراجیکٹ سے بہت خوش ہیں، اللہ آپ کو لمبی زندگی اور تندرستی عطا فرمائے۔ دورے کے دوران 12 سے زائد مقامات پر گاڑی سے اتر کر مختلف سیکشنز پر بریفنگ لی اور وہاں موجود لوگوں اور مزدوروں سے گفتگو کی۔ لٹن روڈ پر وزیراعلیٰ کی گاڑی کو 4 مختلف مقامات پرشہریوں نے روک لیا اور ”دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا شیر آیا“ کے نعرے لگائے۔ شہریوں نے کہا کہ” آپ انتہائی محنتی وزیراعلیٰ اور جدید دور کے شیر شاہ سوری ہیں۔