لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کبڈی ٹیم کو بھارت کی وزارت داخلہ نے ابھی تک کلیئرنس نہیں دی ہے جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کی کبڈی کے ورلڈ کپ میںشرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری محمد سرور نے بتایا کہ انہوں نے کلیئرنس کےلئے 24 رکنی دستے کے نام بھارت کی وزارت داخلہ کو بروقت ارسال کردیئے تھے تاہم بھارت نے ابھی تک پاکستانی کھلاڑیوں اور افیشلز کو کلیئرنس سرٹیفکیٹس جاری نہیں کئے جس کی وجہ سے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ سیکرٹری نے کہا کہ اگر بھارت آج کھلاڑیوں اور آفیشلز کی کلیئرنس کردے تو ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کی وزارت داخلہ نے 24 رکنی پاکستانی دستے میں کسی ایک کھلاڑی کی بھی کلیئرنس روک دی تو پاکستان ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا۔ واضح رہے کہ کبڈی ورلڈ کپ یکم دسمبر سے بھارت میں جاری ہے اور ورلڈ کپ میں ملک بھر سے 15 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ بھارتی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان کبڈی کھلاڑیوں کی کلیئرنس نہیں مل رہی۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے کہا ہے کہ دوسرے ورلڈ کپ کی طرح اس ایونٹ میں بھی بھارت نے کچھ کھلاڑیوں کیلئے ویزوں کا مسئلہ بنا دیا ہے جبکہ پاکستان کو آج اپنا پہلا میچ کھیلنا تھا۔