لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماءپاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ کرپٹ اور بددیانت سیاستدانوں نے ملک کو دیوالیہ کردیا ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدیں بھی محفوظ نہیں رہیں بلوچستان کراچی اور خیبر پی کے میں بے گناہ انسانوں کا خون بہایا جارہا ہے، ذمہ داران حکومت میں بھی شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بلال نگر میں شہادت حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں خون خرابہ بند کرنے کے لئے کراچی اور پورے ملک کو اسلحے سے پاک کیا جائے اس کے علاوہ اور کوئی حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماءو مشائخ اپنے حجروں سے نکل کر رسم شبیری ادا کرتے ہوئے میدان عمل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اگر ان بدترین حالات میں محراب و ممنبر سے اگر حق کی آواز بلند نہ ہوئی تو پھر آنے والی نسل ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک و قوم کو بے شمار یزیدوں کا سامنا ہے اللہ اور رسول کے احکامات کا کھلم کھلا مذاق اُٹھایا جارہا ہے‘ ملک کے حصول کے اصل مقصد کو بھلا دیا گیا ہے اس لئے قوم طرح طرح کے عذاب میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ نے 72 جانثاروں کے ساتھ قربانی کی بے مثال تاریخ رقم کی۔