لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کے اس بات کو خوش آئند قرار دیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کی سطح پر اچھے تعلقات قائم کرنےکی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کا ایک ایسے وقت میں بیان سامنے آیا ہے جب پانچ سال بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات بحال ہونے جا رہے ہیں۔کرکٹ سیریز کی بحالی سے دونوں ممالک کے عوام کو بھی ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا بلکہ امن بھائی چارہ اور یکجہتی کو فروغ ملے گا۔ بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر بات کرنے کو تیار ہیں جس سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آ سکیں۔ بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی مستقبل میں بھی مقابلوں کے انعقاد کی کوششیں کرینگے تاکہ تفریح کا مواقع میسر آ سکیں۔