پاکستانی مذاکراتی ٹیم کی قیادت وزیر دفاع نوید قمر جبکہ امریکی وفد کی سربراہی نائب وزیر دفاع جیمز ملر کریں گے۔ وزارت دفاع راولپنڈی میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کیلئے چوبیس رکنی امریکی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔ اجلاس میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر نمائندے اور آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین تعاون، امریکی فوجی امداد کی بحالی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون، ڈرون حملوں اورافغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کے بعد کی صورتحال سے متعلق امورزیربحث آئیں گے۔ اجلاس میں امریکا کی جانب سے اتحادی سپورٹ فنڈ کی رکی ہوئی تین ارب ڈالرکی امداد میں سے پچاس کروڑ ڈالر جاری کئے جانے کا اعلان متوقع ہے۔ امریکی وفد کی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں اورآرمی چیف سمیت وزیردفاع نوید قمرسے بھی ملاقات کا امکان ہے۔