لاہور(سپورٹس رپورٹر) سوئی ناردرن گیس کمپنی اور زرعی ترقیاتی بنک نے فیصل بنک پی سی بی انٹر ڈیپارٹمنٹ ٹی ٹونٹی کر کٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پہلے سیمی فائنل میںسوئی گیس کی ٹیم نے پی آئی اے کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ اس میچ میں سوئی گیس نے ٹاس جیت کر پی آئی اے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوںپر 107 رنز سکور کئے۔ شعیب ملک نے تین چھکوں کی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 42 رنز سکور کئے۔ سوئی گیس کی ٹیم کی جانب سے عمران علی اور عمران خالدنے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں سوئی گیس کی ٹیم نے محمد رضوان کے 60 رنز کی بدولت 16.5 اوورز میں ایک کھلاڑیوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں زرعی ترقیاتی بنک نے جنید ضیاءکی تباہ کن باولنگ کے باعث یو بی ایل کو 35 رنزسے شکست دی۔ یو بی ایل کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یاسر حمید نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انفرادی طور پر 61 ناٹ آوٹ جبکہ چوتھی وکٹ کی شراکت میں92 رنز کی پارٹنرشپ کرتے ہوئے یو بی ایل کی سکور میں نمایاں اضافہ کیا اور زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 178 رنز بنا کر یو بی ایل کی ٹیم کو ٹف ٹائم دیا۔ جواب میں یو بی ایل ٹیم کے عابد علی اور احسن علی پر مشتعمل اوپننگ جوڑی نے 11 اوورز میں 81 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن دی۔ اوپننگ بلے باز احسن علی کے آوٹ ہونے کے بعد زرعی ترقیاتی بنک کے باولز نے کم بیک کیا اور 13 اوورز میں 93 رنز پر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے ہوئے کم بیک کرتے ہوئے سکور میں تیزی سے ہوتا ہوا اضافہ روکا۔ احسن علی کے43 رنز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے اور یو بی ایل کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ جنید ضیاءنے تباہ کن باولنگ کرتے ہوئے 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل آج شام 5 بجے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔