پیرس (صاحبزادہ عتیق الرحمن سے) پیپلز پارٹی نہ کسی اوورسیز کے صدر کی ہے اور نہ ہی فردِ واحد کی۔ یہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کی پارٹی ہے اور ورکرز ہی اس کا سرمایہ ہیں۔ یہی وفاق کی علامت ہے اور پارٹی بلاول بھٹو پاکستان کی نوجوان نسل کے لیڈر ہیں۔ بھٹو شہید وہ شخص ہیں جنہوں نے پاکستان کی عوام کو شعور دیا اور اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھانے کی ہمت دی۔ اوورسیز پاکستانی بھٹو شہید کے شکر گزار ہیں کہ جن کی وجہ سے پاکستانی قوم کو پاسپورٹ ملا اور آج اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے کو آرڈی نیٹر کامران یوسف گھمن نے پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے زیراہتمام یوم تاسیس کے پروگرام میں اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے چیف آرگنائزر قاری فاروق احمد فاروق نے اپنے خطاب میں کہا کہ 47 سال پہلے آج ہی کے دن ہمارے قائد ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی۔دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس نے اس وقت ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ کام کیا وہ آج بھی اپنے نظریہ پر قائم ہے۔