اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم درانی نے کہا ہے کہ ملک کے سرکردہ رہنمائوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے‘ ہم سب کو اس مسئلے کا سنجیدگی سے حل نکالنا ہوگا‘ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے کا یہ الزام بے بنیاد ہے کہ ہم نے ان کے جلوس روکے ہیں‘ پرویز خٹک اپنی زبان پر قابو رکھیں، ہمارا سینئر رہنما قتل ہوا جس پر ہم نے پرامن احتجاج کیا، پوری سیاسی و مذہبی قیادت نے ہم سے اظہار تعزیت کیا ماسوائے ایک سیاسی جماعت کے جس نے ہمارے غم میں شریک ہونے کے بجائے اپنے جشن و گانے باجے کا پروگرام جاری رکھا، پورا پاکستان ایک طرف اور عمران خان ایک طرف تن تنہا کھڑے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے اکرم خان درانی نے کہا کہ ہماری جماعت کے بڑے اہم رہنما سینیٹر ڈاکٹر خالد سومرو عالم اسلام کے بڑے خطیب تھے۔ ان کے قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ تعزیتی قرارداد کی منظوری پر ایوان کے شکرگزار ہیں۔