لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی نیب پنجاب کو طلب کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ نیب کے ناقص تفتیشی نظام کے باعث کئی کئی سال میں تفتیش مکمل ہو رہی ہے۔ نیب کی جانب سے عدالتوں کی بہتر معاونت نہ کرنے کے باعث سینکڑوں بے قصور لوگ عرصہ دراز سے جیلوں میں بند ہیں۔ جسٹس محمود مقبول باجوہ اور جسٹس وقاص رئوف مرزا پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کینال موٹرز سیکنڈل کے مرکزی ملزم رانا قیصر عزیز کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ ملزم کی جانب سے مصباح الحسن ایڈووکیٹ نے درخوست ضمانت میں موقف اختیارکیا کہ نیب نے کینال موٹرز سکینڈل کیس میں رانا قیصر عزیز کو گرفتارکیا۔ ملزم پونے پانچ سال سے جیل میں ہے اور ابھی تک نیب نے تفتیش مکمل نہیں کی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کی درخواست ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت میں نیب کے وکیل نے جواب دینے کیلئے مزید مہلت کی استدعا کی۔ عدالت نے تفتیش مکمل نہ کرنے پر نیب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آج ڈی جی نیب پنجاب حسنین احمد کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کاحکم دیا ہے۔