اسلام آباد (آئی این پی) الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے میں چھ ماہ لگیں گے جبکہ خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول اپریل کے آخر تک جاری کردیا جائیگا‘ کمشن نے سندھ اور پنجاب حکومتوں کو بلدیاتی قوانین میں نقائص ایک ماہ میں دور کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ دونوں صوبوں میں حلقہ بندیوں کا شیڈول دو ماہ میں جاری کردیا جائیگا۔ منگل کو الیکشن کمشن میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں پنجاب اور سندھ کے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے شرکت کی اور دونوں صوبوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کی گئی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس کے بعد قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمشن نے میڈیا کو بتایا کہ عام انتخابات 2013ء میں 93 لاکھ اضافی بیلٹ پیپر چھپوائے گئے۔ ہر الیکشن میں 5 فیصد اضافی بیلٹ پیپر چھپوائے جاتے ہیں۔ ماضی کے تمام انتخابات میں اضافی بیلٹ پیپر چھپوائے گئے۔ اضافی بیلٹ پیپرز چھپوانا قانونی تقاضا ہے جسے پورا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے حکومت بیلٹ پیپرز کے ذریعے انتخابات کرانے پر آمادہ ہوگئی ہے۔ دونوں صوبوں میں حلقہ بندیاں جون 2015ء تک مکمل ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم زیادہ ہیں۔ سندھ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایک ماہ میں ترامیم کا کام مکمل کرلے گی۔