راولپنڈی + لاہور (اے پی پی + خبرنگار) چھائونی کے علاقے ڈھیری حسن آباد میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاںبحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ کباڑی کی دوکان پر اچانک زور دار دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اسوقت ہوا جب کباڑی کی دوکان میں دو افراد ایک سلنڈر کو توڑنے کی کوشش کر رہے تھے دھماکے سے دکان میں موجود افراد کے جسم کے اعضاء بکھر گئے جبکہ اردگرد کی عمارتوں اور سامنے کھڑی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی‘ حساس علاقہ ہونے کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور اکٹھے ہونے والے شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی اسرار احمد عباسی نے تصدیق کی کہ یہ گیس سلنڈر دھماکہ ہے ‘ دکان میں موجود افراد گیس سلنڈر کو توڑنے کی کوشش کر رہے تھے کہ چنگاری پیدا ہونے سے سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا ‘یہ محض ایک حادثہ ہے ‘دہشت گردی کی کارروائی نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شیر علی اور محمد اجمل جاں بحق جبکہ عدنان سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے راولپنڈی میں سلنڈر دھماکے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور جاںبحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اورتعزیت کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔