اسلام آباد (صباح نیوز) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو آج (جمعرات کو) پارلیمنٹ ہائوس میں وزارت دفاع کی جانب سے بھارت اور افغانستان کے ساتھ پاکستان کی ملنے والی سرحدوں پر سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزارت دفاع سے متعلق عوامی نوعیت کی مختلف پٹیشنز کو بھی نمٹایا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی کو وزارت دفاع اور عسکری اداروں کے انتہائی اعلیٰ حکام پاکستان کی بھارت اور افغانستان کے ساتھ ملنے والے بارڈرز پر سلامتی کی تازہ صورتحال سے آگاہ کریں گے۔ ان متذکرہ پڑوسی ممالک کے ساتھ فائر بندی کے احترام اور بارڈرز سکیورٹی کے سلسلے میں دوطرفہ تعاون کے میکانزم سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو بھی اس اہم بریفنگ کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے ان سے اجلاس میں شرکت کے بارے میں کہا گیا ہے۔ اجلاس میں ان کی شرکت متوقع ہے۔
بھارت‘ افغانستان سرحدوں پر سلامتی کی صورتحال قائمہ کمیٹی کو آج بریفنگ دی جائے گی
Dec 03, 2015