نصاب میں خواتین پر تشدد سے بچاؤ کا باب شامل کرنے کی منظوری

Dec 03, 2015

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب کی نصابی کتابوں میں خواتین پر تشدد سے بچائو کا باب شامل کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ سینئر ممبر ایس ایم یو سلمان صوفی‘ خواتین ارکان پنجاب اسمبلی فرحانہ افضل‘ عالیہ آفتاب‘ نمائندہ سوشل ویلفیئر‘ نمائندہ پی آئی ٹی بی اور دیگر محکموں کے نمائندوں پر مشتمل خواتین پر تشدد کے انسدادکیلئے کمیٹی نے مذکورہ اصلاحات کی تیاری و نفاذ کے لئے کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ ہفتے پنجاب بھر میں وی اے ڈبلیو سی کے قیام کیلئے منعقدہ اجلاس میں اصلاحات کا جائزہ لے کر نصابی کتب میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ کمیٹی نے پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بورڈ کے سیکرٹری کو بریفنگ دی اور وومن پروٹیکشن برائے انسداد تشدد کو جماعت نہم دہم سال اوّل و دوم کی اُردو نصابی کتب میں شامل کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا۔ نصابی کتب میں شامل ہونے والے مضامین میں طلباو طالبات کو سماجی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے اور خواتین پر تشدد کئے بنا خانگی یا خاندانی معاملات کوطے کرنے کے بارے میں آگاہی دی جائیگی اور پروٹیکشن سینٹرز‘ شیلٹرز ہوم اور تشدد کی صورت میں خواتین کیلئے انصاف اور ریلیف حاصل کرنے کے طریق کار کے بارے میں بھی بتایا جائیگا۔

مزیدخبریں