کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے باغی رہنما اور سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس علاقے میں فوج کے اہلکاروں پر حملہ کیا گیا، وہ ایریا ایم کیو ایم کا ہے اور سٹائل بھی ان کا ہے۔ کراچی میں اس سٹائل کے حملہ کرنے کی صلاحیت زیادہ ایم کیو ایم کی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کے نصیب میں جیل ہے، وہیں رہیں گے۔ آصف زرداری واپس نہیں آئیں گے، ان کو ناقابل علاج ڈائریا ہو چکا ہے، جب تک وہ ٹھیک نہیں ہوتے وہ نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا 8 ہزار پولیس والے آرمی کی نگرانی میں بھرتی ہونے چاہئیں۔ تحریک انصاف یا کسی بھی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پورے سندھ میں بلدیاتی انتخابات نئے سرے سے کرائے جائیں۔
زرداری واپس نہیں آئینگے: ذوالفقار مرزا، کراچی میں تحریک انصاف کی حمایت کر دی
Dec 03, 2015