حضرت امام حسینؓ کا چہلم آج منایا جائیگا، پنجاب کے 19اضلاع میں فوج، رینجرز تعینات

Dec 03, 2015

لاہور + اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کا چہلم آج (20صفر المظفر) جمعرات کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ پنجاب کے 19اضلاع میں فوج اور رینجرز تعینات کر دی گئی ہے۔ چہلم پر سیمینار اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا۔ جس میں علماءکرام و ذاکرین حضرت امام حسینؓ کی سیرت و کردار، شجاعت اور صبر پر روشنی ڈالیں گے۔ مجالس کے اختتام پر علم، ذوالجناح اور تعزیہ کے جلوس بھی برآمد ہونگے۔ لاہور میں تعزیہ کا مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ چہلم کے موقع پر پنجاب اور سندھ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ پنجاب میں 19اضلاع کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاق نے کراچی میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر موبائل فون سروس بند کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کو مراسلہ میں کہا ہے کہ پالیسی نہیں ہے، کراچی میں موبائل فون بند نہیں کر سکتے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے 3دن پہلے کراچی میں چہلم امام حسینؓ پر موبائل فون سروس بند کرنے کیلئے خط لکھا تھا۔علاوہ ازیں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کو مانیٹر کرنے کے لئے نادر ہال ڈی سی او آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا ہے اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس کے روٹ اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے داخلی اور خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا دئیے گئے ہیں۔

چہلم

مزیدخبریں