کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے پشین سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز میرے اور پشتونخوا میپ کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کئے جاتے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اور نہ ہی میں نے کبھی پشتونوں کے حقوق و اختیارات پر کوئی سوا ل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ڈیورنڈ لائن کے ٹھیکے کے حوالے سے بارہا بات کی ہے کہ نہ میں نے کوئی ٹھیکہ لیا ہے اور نہ ہی میرے خاندان کے کسی فرد کا ٹھیکے سے کوئی تعلق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میرے حوالے سے یہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ میں نے نواز شریف سے کوئی دوستی یا رشتہ داری نہیں کی ہے، نواز شریف کے ساتھ ملک میں جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالا دستی، عوامی حقوق پر ایک اتحاد قائم ہے اور نواز شریف کے بارہا کہنے کے باوجود آج تک میں نے ان سے کوئی مفاد نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کو ایک حقیقی فیڈریشن کے طور پر چلانا چاہتے ہیں جہاں پر عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت کو مکمل اختیار حاصل ہو کیونکہ ایک حقیقی فیڈریشن ہی اس ملک کی سالمیت کو یقینی بنا سکتی ہے اور اسی طرح تمام قوموں کے وسائل پر ان قوموں کے واک و اختیار اور الیکشن میں افواج پاکستان سمیت کسی بھی ادارے کی مداخلت نہیں چاہتے اور تمام ممالک بالخصوص افغانستان سے پر امن بقاءباہمی کے تعلقات قائم کرنے ہونگے اور ہمیں جنگ سے بچنے کیلئے افغانستان سے امن کی بات شروع کرنی ہو گی۔ اور ملک کے اندر بولان سے لیکر چترال تک متحدہ قومی وحدت (صوبہ)کے قیام کو یقینی بنانا ہو گا۔ خیبر پشتونخوا کے بعد یہاں دہشتگردی کے واقعات تباہی و بربادی کی جانب ہمیں لیکر جائیگی۔ میں تمام سیاسی جماعتوں بالخصوص علماءکرام جو اپنے آپ کو انبیاءکے ورثاءکہتے ہیں ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے متحد ہو جائیں۔ اس سلسلے میں میں نے مولانا فضل الرحمن کو بھی کئی بار کہا ہے کہ آئیں ملکر پشتون عوام کے مسائل حل کرنے ، بولان سے چترال تک متحدہ پشتون قومی وحدت(صوبہ) کیلئے جدو جہد کرے اور اس میں آپ کی مرضی کے مطابق اسلامی نظام نافذ کرینگے۔اور اگر وہ اس سلسلے میں ہمارا ساتھ نہیں دینگے تو کم از کم ہمیں برا بھلا کہنے کی بجائے ہمارے حق میں دعا کریں۔
محمود اچکزئی
نواز شریف سے جمہوریت کی بالا دستی کیلئے اتحاد ہے، آج تک مفاد نہیں اٹھایا: محمود اچکزئی
Dec 03, 2016