کوئٹہ، فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی: مکران، کسٹم انسپکٹر سمیت 3 ملازم اغوا

Dec 03, 2016

کوئٹہ + کوہلو + اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ جمعہ کی شب کوئٹہ کے علاقے کلی شابومیں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار محمد صادق کو زخمی کردیا اور فرار ہو گئے۔ اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ لیویز نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں کارروائی کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 52مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ لیویز نے ضلع کوہلو میں ماوند کے علاقے سفید نکڑی میں مصدقہ اطلاع پر کارروائی کر کے اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑ لی جبکہ دہشت گرد فرار ہو گئے۔ برآمد کئے جانے والے اسلحہ میں 9 راکٹ لانچر، مارٹر گولہ، 10 ہینڈ گرنیڈ، سیٹلائٹ فون اور اینٹی ائر کرافٹ گن کی گولیوں سمیت 1760 راؤنڈز شامل ہیں۔ علاوہ ازیں اسلام آبادکے علاقے سبزی منڈی اور سیکٹر آئی نائن میں سرچ آپریشن کے دوران 52مشتبہ افراد کو گرفتار کرکرلیا گیا۔ مکران کے علاقے سے نامعلوم مسلح افراد نے کسٹم انسپکٹر سمیت 3اہلکاروں کو اغواء کرلیا۔ لیویزکے مطابق جمعہ کی شب مکران کے علاقے کوسٹل ہائی وے پر پسنی زیرو پوائنٹ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کسٹم انسپکٹر عبدالمالک، سپاہی حفیظ اللہ اور ماجد کو اغواء کرلیا اور نامعلوم مقام کی طرف فرار ہوگئے ملزمان کسٹم اہلکاروں کی گاڑی بھی اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ایف سی اور پولیس نے کوئٹہ اور تربت میں کومبنگ آپریشن کے دوران 6 افغان باشندوں سمیت 8 افراد کو گرفتار کر کے منشیا ت اور اسلحہ برآمد کر لیا۔

مزیدخبریں