راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) فخر موجودات باعث تخلیق کائنات رحمت کائنات حضرت نبی مکرم کے جشن ولادت کے موقع پر راولپنڈی شہر کے مرکزی جلوس کا افتتاح بارہ ربیع الاول کو صبح 10 بجے مرکزی جامع مسجد حنفیہ کے صدر دروازے سے ہو گا جس میں راولپنڈی شہر اور گردو نواح کی 430 میلاد کمیٹیاں اور نعت خوان پارٹیاں شرکت کر کے بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کریں گی۔ جلوس بنی چوک‘ کوہاٹی بازار‘ مری روڈ‘ کمیٹی چوک‘ اقبال روڈ‘ چوک فوارہ سے ہوتا ہوا مقام آغاز پر اختتام پذیر ہو گا جہاں نعت خوان پارٹیوں کو تحائف پیش کئے جائیں گے۔ ان امور کا فیصلہ مرکزی جلوس میلاد کمیٹی کے جنرل اجلاس میں کیا گیا جو بعد نماز جمعہ مرکزی جامع مسجد حنفیہ کے میلاد ہال میں زیرصدارت صدر ملک اختر علی اور زیرسرپرستی الحاج شیخ طارق مسعود منعقد ہوا جس میں پیر محمد نقیب الرحمنٰ اور پیر سرکار جی مہمانان خصوصی تھے۔ اجلاس میں علماءکرام‘ مرکز جلوس میلاد کمیٹی اور نعت خوان پارٹیوں کے عہدیداروں نے شرکت کی اور زونل خطیب مولانا حافظ محمد اقبال رضوی‘ محمد بشیر بٹ‘ طاہر تاج بھٹی‘ قاری جاوید اختر‘ محمد شفیق قادری‘ مولانا محمد کبیر میر نے خطاب کیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ جلوس کے دوران غیر شرعی حرکات بالخصوص نقلی داڑھیاں لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ استقبالی سٹیج لگانے والوں کو رات 11 بجے ناجائز تنگ نہ کیا جائے اور نہ جلوس کو بذریعہ فورس منتشر کرنے کی کوشش کی جائے۔ جلوس انتظامیہ جلوس کا ایک بجے تک اختتام کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔ پیر محمد نقیب الرحمنٰ‘ پیر سرکار جی‘ شیخ طارق مسعود اور ملک اختر نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ جشن عید میلاد النبی پر شاندار چراغاں کریں۔ جلوس کے راستوں ‘ عمارات اور دکانوں کو دلہن کی طرح سجائیں اور استقبالی سٹیج لگا کر جلوس کا بھرپور استقبال کریں۔