بلدیہ ٹاون فیکٹری کیس کے مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو بینکاک سے گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزم کو آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران کراچی منتقل کئے جانے کا امکان ہیں۔گزشتہ روز انٹرپول اور بینکاک پولیس نے رائل گارڈن ہوٹل پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے سانحہ بلدیہ میں مطلوب ملزم عبد الرحمان عرف بھولا کو گرفتار کرلیا گیا, ملزم نے دوہزار بارہ میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بلدیہ حب ریور روڈ پر واقع علی انٹرپرائیزیز نامی کمپنی کو بھتہ نہ دینے کی پاداش میں آگ لگائی تھی جس کے نتیجے میں دو سو ساٹھ افراد کی زندگی کا خاتمہ ہوگیا تھا۔واقعہ میں ملوث ملزم کے ایک ساتھی رضوان صدیقی کی گرفتاری کے بعد سے ہی مرکزی ملزم عبدالرحمان بھولا اور اس کے دیگر ساتھی بیرون ملک فرار ہوگئے تھے۔ ملزم کا تعلق ایم کیوایم سے تھا ملزم نے ایم کیو ایم چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عبدالرحمان عرف بھولا اور واقعے میں ملوث دیگر مطلوب ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کررکھے ہیں, حساس اداروں کے زرائع کے مطابق انتہائی مطلوب دہشتگرد عبد الرحمان عرف بھولا کو آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران بینکاک سے کراچی منتقل کردیا جائے گاجہاں ملزم کوانیس دسمبرکوعدالت میں پیش کیا جائیگا۔