ملتان (شوبز ڈیسک) ہالی وڈ کی شہرہ آفاق فلم ’ٹائی ٹینک کی ہیروئن ’روز‘ (کیٹ ونسلیٹ) نے کہا ہے کہ فلم ٹائی ٹینک میں ان کے اور لینارڈو ڈی کیپریو کی اداکاری نے ان کے پیارکو فلم میں مثالی بنایا۔امریکی ٹی وی ’سی بی ایس‘ کے معروف کامیڈی شو ’دی لیٹ شو ود اسٹیفن کولبرٹ‘ میں اداکارہ کیٹ ونسلیٹ نے کہا کہ ’ان کے خیال کے مطابق ان کا پیار فلم کے اسکرپٹ میں لکھا نہیں گیا تھا، بلکہ اس دن وہ رومانوی موڈ میں ہی فلم کے سیٹ پر پہنچے تھے‘۔اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کا اشارہ اس دن کی شوٹنگ کی طرف تھا، جس دن فلم کے آخری مناظر شوٹ کیے گئے تھے، جس میں ہیرو جیک کو یخ ٹھنڈے پانی میں سسکیاں بھرتے ہوئے روز کے ہاتھ میں مرتا ہوا دکھایا گیا تھا۔کیٹ ونسلیٹ نے شو میں بات کرتے ہوئے مزید بتایا کہ یخ ٹھنڈے پانی میں لکڑی کے ایک تختے پر فلمی منظر کی شوٹنگ کے دوران ان کی طبعیت خراب ہوگئی تھی۔ ’ٹائی ٹینک‘ کے اسی منظر کو شوٹ کرانے کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کو نمونیا ہوگیا، تاہم اداکارہ نے پروگرام میں وضاحت کی کہ انہیں نمونیا نہیں دراصل ’ہائپو تھرسیا‘ ہوگیا تھا۔ہائپو تھرسیا دراصل جسمانی درجہ حرارت کے نارمل درجہ حرارت سے کم ہوجانے کو کہتے ہیں۔اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ فلم ’ٹائی ٹینک‘ کے لیے نہیں بلکہ اداکار میتھیو میکانہے کے ساتھ فلم کے لیے اوڈیشن دینے گئی تھیں، تاہم ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے انہیں ’جیک‘ کی فرینچ محبوبہ ’روز‘ کے لیے منتخب کیا۔کیٹ ونسلیٹ نے اسی پروگرام میں میزبان اسٹیفن کولبرٹ کے ساتھ جیک کے ساتھ تختے پر فلمائے گئے منظر کی ایکٹنگ بھی کی۔اداکارہ نے شو کی ٹیبل پر لیٹ کر میزبان کے ہاتھ کو پکڑ کر ’ٹائی ٹینک‘ فلم کے ڈائلاگ بولے۔
ہمارا پیار لکھا نہیں گیا تھا ہم رومانوی تھے: کیٹ ونسلیٹ
Dec 03, 2017