ختم نبوت معاملہ پر چند سیاستدانوں نے سیاست چمکائی، فسادات کی سازش ہوئی: احسن اقبال

Dec 03, 2017

نارووال(نامہ نگار)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے نبی کریمﷺ کی امت کو پستی اور زبوں حالی سے نکانا ہو گاتاکہ نبیﷺ کے لئے فخر بن سکیںکیونکہ سرکار دو عالمﷺ کا پیمانہ میں ہم سے یہ پوچھا جائے گا کہ نسخہ کیمیا قران مجید پر عمل کیوں نہ کیا گیا، یہ حقیقت ہے کہ عید میلاد النبیﷺ کی تقریبات پوری دنیا سے زیادہ پاکستان میں ہوتی ہیں اور دنیا کی کوئی قوم اتنی محبت نبیﷺ سے نہیں کرتی جتنی ہم کرتے ہیں جب ہم محبت میں پوری دنیا میں نمبر ایک ہیں تو پھر ہم عمل میں کیوں پیچھے ہیں؟ہمیں یہ سوچنا ہے کہ کیا ہماری محبت میں کوئی نقص ہے، ہمیں نبیﷺ کی تعلیمات اور سنت کو فروغ دینا ہو گا،دنیا میں ہم اسلئے بھی پیچھے رہ گئے کہ نبیﷺ کی تعلیمات اور روح کو بھلا دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال پبلک سکول میں محکمہ ایجو کیشن کے زیر اہتمام ہونے والے مقابلہ حسن قرات و نعت رسول مقبول ﷺ کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر نبیﷺ کی امت کی حفاظت کرنی ہے کیونکہ دین کی بنیاد ایک قرآن اور ایک سنت ہے قرآن کی بنیاد پر پوری امت کو اکٹھا ہونا ہوگا، تاکہ نبیﷺ کی امت میں کوئی انتشار پیدا نہ کر سکے اور قرآن کو ہی مشعل راہ و زیور بنانا ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں انتشار پھیلانے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے کیونکہ ختم نبوت ﷺ پر سب مسلمان ہیں کسی کو دکان داری چمکانے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کے نام پر مذہب کو استعمال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن شکر ہے تمام معاملات خوش اسلوبی کے ساتھ طے پاگئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نفرت کا کھیل کھیلا جا رہا تھا۔اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری خواجہ محمد وسیم بٹ اور ڈپٹی کمشنر نارووال علی عنان قمر اور سی ای او ایجوکیشن شہزاد اعوان نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں