لاہور (نمائندہ سپورٹس )آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اور پاکستان سپرلیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ ٹام موڈی نے کہا ہے کہ اگر ان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے تیسرے سیزن کے فائنل میں پہنچی تو وہ پاکستان آئیں گے۔ ہاں، میں پاکستان میں ٹیم کے ساتھ ہوں گا اور مجھے امید ہے کہ ہم فائنل میں پہنچ کر لاہور اور کراچی دونوں مقامات میں کھیلنے کا موقع حاصل کریں گے۔ کھلاڑیوں کے پاکستان جا کر کھیلنے کے اعتماد کی سطح وقت کے ساتھ بہتر ہورہی ہے۔ اور زیادہ سے زیادہ کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے پراعتماد ہیں اور یہ وقت کیساتھ ہی بڑھے گا۔ڈرافٹ میں نہ صرف مقامی بلکہ انتہائی اعلیٰ درجے کے کھلاڑی شامل ہوئے ہیں جبکہ بین الاقوامی کھلاڑی بھی ہیں اسی لیے تمام ٹیموں کو سٹار کھلاڑیوں تک رسائی ہوئی۔