لاہور (نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈنے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا شیڈول تیار کر کے حتمی منظوری کیلئے تمام فرنچائزز کو بھیج دیا ہے۔ پی ایس ایل کا آغاز 22 فروری سے ہو گا جبکہ 25 مارچ کو کراچی میں فائنل میچ کھیلا جائیگا۔ فرنچائزز کی جانب سے رضامندی کے بعد اگلے ہفتے کسی بھی وقت اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ پی سی بی نے نقل و حمل کے مسائل کے باعث ابوظہبی کو ممکنہ وینیوز میں شامل نہیں کیا جس کا مطلب ہے پی ایس ایل کے کل 34 میچ دبئی، شارجہ، لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر ابوظہبی بھی ممکنہ وینیوز میں شامل تھا تاہم نقل و حمل کے مسائل کے باعث وہاں میچز کروانا ممکن نظر نہیں آ رہا۔ اس سے قبل یہ خبریں بھی منظرعام پر آئی تھیں کہ پی سی بی نے ابوظہبی میں پی ایس ایل کے 6 میچ کروانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔