لاہور+ ملتان (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ + سپیشل رپورٹر) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی کتاب ”زندہ تاریخ“ کی تقریب رونمائی کل اسلام آباد میں ہورہی ہے۔ اس موقع پر قوی امکان ہے کہ میاں نوازشریف احتساب عدالت میں پیشی کیلئے اسلام آباد ہی میں موجود ہوں گے۔ ان کی اسلام آباد میں موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کوشش کرکے نوازشریف، مخدوم جاوید ہاشمی کی ملاقات کرواسکتے ہیں‘ تاہم افواہ گرم ہے کہ دونوں رہنماﺅں کے درمیان میٹنگ طے ہوگئی ہے جس سے سیاسی حلقوں کی نظریں کل سوموار پر لگ گئی ہیں۔ دریں اثنا سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ خود پر خودکش حملہ کرکے آئین اور ملک کو بچایا۔ دھرنے میں آئین توڑنے کیلئے مدد مانگی گئی تو باہر آگیا۔ ملک بچانے کیلئے نوازشریف کے ساتھ کھڑا ہونا پڑا تو ہونگا۔ تین سال پہلے اسمبلی ٹوٹتی تو عمران خان قیدی یا نظربند ہو جاتے۔ میں نے کوشش کرکے عمران خان‘ آئین‘ جمہوریت اور فوج کو بچایا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہزار بار بتا چکا ہوں مسلم لیگ سے دور نہیں رہا۔ دوسری طرف ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے بلدیاتی نمائندے جاوید ہاشمی کی پارٹی میں واپسی کے مخالف ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق 16 یونین کونسلوں کے چیئرمین اور کونسلروں کا اس حوالے سے اجلاس ہوا۔ شرکاءنے کہا کہ جاوید ہاشمی مشکل وقت میں چھوڑ کر چلے گئے۔ ان کی (ن) لیگ میں دوبارہ شمولیت کی حمایت نہیں کریں گے۔ جاویدہاشمی کو ٹکٹ دیا گیا تو بھرپور مخالفت کریں گے۔
جاوید ہاشمی
ملک کیلئے نوازشریف کے ساتھ کھڑا ہوں گا: جاوید ہاشمی‘ کل ملاقات کا امکان
Dec 03, 2017