لاہور (خصوصی رپورٹر+ سپیشل رپورٹر+ خبرنگار) آقائے دوجہاں خاتم النبین حضرت محمد کی ولادت کا دن لاہور سمیت ملک بھر میں مذہبی جوش و خروش اور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز 21‘ 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ کیا گیا۔ جشن میلاد النبی کے سلسلے میں سرکاری‘ نیم سرکاری دفاتر اور لوگوں کے گھروں پر چراغاں کیا گیا‘ عشق رسول سے سرشار مسلمانوں نے جلوس نکالے جن میں شریک افراد آقائے دوجہاں کو نعتوں کے گلہائے عقیدت پیش کرتے رہے۔ مختلف مقامات پر درود سلام کی محفلیں سجائی گئیں اور لوگوں نے اپنے گلی محلوں کو سجایا اور عید میلاد النبی کے جلوس بھی نکالے گئے۔ تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا۔ مساجد میں ملک کی سلامتی خوشحالی اور امن کی بحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں۔ لاہور میں مختلف علاقوں سے عید میلاد النبی کے جلوس نکالے گئے۔ مرکزی جلوس ریلوے سٹیشن سے شروع ہو کر اندرون شہر سے گزرتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہو گیا‘ ملک بھر میں محفل نعت اور سیرت کانفرنس بھی منعقد کی گئیں۔
عید میلاد النبی