ڈیرہ اسماعیل خان (این این آئی، نیٹ نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے حکومت کا معاشی خوشحالی کا پلان شیخ چلی کا خواب ہے اور معیشت کو بھیک پر چلایا جارہا ہے۔ دارالعلوم نعمانیہ میں تقریب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف کہتی ہے لوگوں کو گھر دیں گے لیکن کراچی سے لے کر چترال تک تجاوزات کے نام پر لوگوں کے گھر گرائے جارہے ہیں اور لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ابھی تو تباہی ہی تباہی ہے، یہ تباہی کا پیغام لے کر آئے ہیں اور لوگوں کو اس مقام پر لاکر خود بھیک مانگنے میں لگے ہوئے ہیں۔ موجودہ حکومت خارجہ، داخلہ اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں ناکام ہے۔ انہوں نے کہا تین ماہ میں ڈالر 106 سے 142 روپے کا ہوگیا اور اب حکومت کو ووٹ دینے والے خود شرمندہ ہیں، بھارت کے ساتھ پینگیں بڑھانے والے سی پیک پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ حکومت کا 100 روزہ پلان صرف انڈے مرغی تک محدود ہے۔ اےن اےن آئی کے مطابق انہوں نے کہا غداری کے مقدمات قید و بند کی صعوبتیں عوام کے دلوں سے عشق رسول ختم نہیں کر سکتیں۔ پاکستان کے عوام ختم نبوت پرغیر متزلزل یقین رکھتے ہیں۔ حکمرانوں کی حماقتوں کی وجہ سے پاکستان کی داخلی و خارجی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے قوم، پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر صرف قادیانیوں کو خوش کرنے کے لئے اور اپنے بیرونی آقاﺅں کے حکم پر عمل کرتے ہوئے کرتارپور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان ہمارے راستے بند کر رہا ہے جب کہ ہمارے حکمران یکطرفہ محبت کی پینگیں بڑھا رہے ہیں۔ سی پیک جس پر پوری پارلیمنٹ کو اعتماد تھا اس میں مسائل بنائے جارہے ہیں اور کرتار پور پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کی کوشش تک نہیں کی گئی۔ ماضی میں منتخب وزیراعظم کو ہندوستانی حکمران کو ناشتے کی دعوت دینے پر غدار قرار دیا گیا۔ اب قوم کو بتایا جائے یکطرفہ کرتار پور راہداری کھول کر کونسی حب الوطنی کی گئی۔ کشمیر کا مسئلہ خاموشی اختیار کر گیا ہے۔ پاکستان داخلی اور خارجی محاذ پر تنہائی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے کی سازش پر عمل شروع ہے۔ افغانستان میں ہمارے لئے مشکلات بڑھتی جا رہی ہے۔ ایسے حالات میں عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے قوم پر مسلط کئے گئے ناعاقبت اندیش اور نااہل حکمران معاشی بحالی کی بجائے سو دن کے بعد قوم کو انڈوں مرغیوں پر بہلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا حکمران یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ حرمت رسول اور ختم نبوت پر ہمارا تن من دھن قربان ہے، غداری کے مقدمات محبت رسول ختم نہیں کر سکتے، اس حوالے سے ہم تحریک لبیک کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا اسٹیبلشمنٹ ہمارا راستہ روکنے کی کوشش کر رہی ہے مگر عوام ہمارے ساتھ ہیں، جعلی مینڈیٹ کے ذریعے مسلط کئے گئے حکمران ملک اور قوم کے لئے جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ختم نبوت کے حق میں پرامن ریلیاں نکالنے والوں کو ہتھکڑیاں لگانا حکمرانوں کی اسلام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
فضل الرحمن