کابل /واشنگٹن(نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی+ نیٹ نیوز) افغان فوج کے مطابق افغانستان کے صوبہ غزنی میں افغان اور اتحادی افواج کے آپریشن میں 64 دہشتگرد ہلاک ہو گئے آپریشن میں متعدد دہشتگرد زخمی بھی ہوئے باروردی مواد سے بھری گاڑی بھی تباہ کی گئی افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ افغان صوبہ ہلمند میں طالبان کے ٹھکانے پر نیٹو کے ڈرون حملہ میں 29 طالبان ہلاک ہو گئے۔ افغانستان کے صوبہ قندھار میں کار بم دھماکے میں 37 جنگجو ہلاک ہوگئے۔صوبائی گورنر ہائوس کے ترجمان عزیز احمد عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے صوبہ قندھار میں کار بم دھماکے میں 37جنگجو ہلاک ہوگئے۔ جنگجو مسلح ہو کر گاڑیوں میں سوار افغان پولیس چیک پوسٹ پر حملے کیلئے رواں دواں تھے کہ قافلے میں موجود ایک گاڑی میں بارودی مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 37جنگجو ہلاک ہو گئے ۔افغانستان کے صوبے ہلمند میں امریکی اور افغان فورسز کی مشترکہ کارروائی میں طالبان کمانڈر عبدالمنان 29 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ ملاعبدالمنان نے کئی بار سرحد پار سے پاکستانی فورسز پر حملے بھی کئے تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے حکام کے حوالے سے تصدیق کر دی۔ ملا عبدالمنان کو جنوبی افغانستان میں طالبان کا اہم کمانڈر بھی سمجھا جاتا ہے عبدالمنان کی ہلاکت کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جہاں افغانستان میں جاری سترہ سالہ جنگ کے خاتمے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا دھماکے میں 15موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہوگئیں ۔ طالبان کی جانب سے کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔دریں اثناء افغانستان کے شمالی صوبے فاریاب میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان تصادم میں 18افراد ہلاک ہو گئے ۔مرنے والوں میں 11 حریت پسند جبکہ دیگر کا تعلق سیکیورٹی فورسز سے ہے۔اس تصادم میں سیکیورٹی فورسز کے11 اہلکار اور 24سے زائد طالبان زخمی بھی ہوئے ۔ علاوہ ازیں خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغان حکام نے تصدیق کی کہ صوبے پکتیا میں گزشتہ رات فضائی حملے میں متعدد معصوم شہری جان بحق ہوئے۔ سابق صوبائی کونسلر ممبر شائستہ جان نے بتایا کہ مقامی افراد نے جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں دیکھائی اور فضائی حملے کے خلاف احتجاج کیا صوبائی حکومت کے ترجمان عبداللہ حسرت نے دعویٰ کیا کہ فضائی حملے میں 4 جنگجو بھی ہلاک ہوئے تاہم شہریوں کی ہلاکت سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا افغانستان کے دوسرے صوبے ہلمند کے جنوبی حصے میں بھی فضائی حملہ ہوا جس میں طالبان کے شیڈو گورنر ملا عبدالرحیم اور ان کے دو ساتھیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا اس حوالے سے صوبائی حکومت کے ترجمان عمر زکاء نے بتایا کہ امریکی فضائی حملے میں طالبان کے نام نہاد گورنر ملا عبدالرحیم ہلاک ہوا افغانستان کے نصف حصے میں حکومت کے مقابلے میں برابری کی سطح پر انتظامی امور چلانے والے طالبان کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا این بی سی نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق افغانستان میں امریکی اتحادی فوجیوں کے ترجمان سارجنٹ ڈیبرا رچرڈسن نے بتایا کہ فضائی حملے میں ایک خاندان کے افراد زخمی اور جاں بحق ہوئے جنہیں طالبان بطور انسانی تحفظ کیلئے استعمال کیا۔