کراچی (اسپورٹس ڈیسک ) مصری کھلاڑی کریم عبدل غواد اور یثرب عادل نے پاکستان اوپن اسکواش چیمپئین شپ میں بالترتیب مردوں اور خواتین کے ٹائٹلزاپنے نام کر لئے ۔چیمپئین شپ کے فائنلز ڈی ایچ اے آصف نواز سکواش کمپلیکس ، کریک کلب کراچی میں منعقد ہوئے۔ پاک فضائیہ کے سربر اہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان جو کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے ۔ ائیر چیف نے جیتنے والے کھلاڑیوں میںانعامات تقسیم کئے۔ اعلیٰ حاضر سروس اور ریٹائرد فوجی افسران، سابقہ ورلڈ چیمپئنز کے علاوہ سکواش کے دلدادہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے یہ میچ دیکھا۔گولوٹلو پاکستان اوپن سکواش چیمپئین شپ کے مردوں کی کیٹیگری کے فائنل میں مصر کے کریم عبدل غوادنے پیرو کے ڈیاگو ایلیاس کو ایک یک طرفہ مقابلے میں شکست دے دی۔ کریم میچ کے آغاز سے ہی اپنے حریف پر حاوی رہے اور پہلی گیم 11/4 سے جیت لی۔ انہوں نے دوسری گیم 11/2 سے جیت کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ تیسری گیم فیصلہ کن ثابت ہوئی اور کریم نے یہ گیم 11/8 سے جیت کر چیمپئین شپ جیت لی۔ سرینا ہوٹلز پاکستان اوپن سکواش چیمپئین شپ کے خواتین کی کیٹیگری کا فائنل دو نوں مصری کھلاڑیوں ٹاپ سیڈ یثرب عادل اور نادین شاہین کے درمیان کھیلا گیا۔ یثرب عادل نے اپنی مخالف کو ایک یک طرفہ مقابلے میں صرف 21 منٹ میں11/5 ، 11/9 اور 11/8 سے شکست دے کر چیمپئین شپ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن نے یہ بین ا لاقوامی مقا بلے پاک فضائیہ، سیرینہ ہوٹل اور گولوٹلو کے مشترکہ تعاون سے منعقد کرو ۱ ئے ۔ مردوں کے مقابلے میں تریپن ہزار ڈالرز جبکہ خواتین کے مقابلوں کی انعامی رقم بیس ہزارڈالرز رکھی گئی۔اس چیمپئین شپ میں 14ممالک کے 48 غیر ملکی کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں مصر، پیرو، سپین، انگلینڈ، سربیا، چیک ریپبلک ، ایران ، قطر ، میکسیکو ، فرانس ، ملا ئشیا، ہانگ کانگ، جاپان اور کویت کے کھلاڑی شامل ہیں۔ روشنیوں کے شہر میں دس سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان اوپن سکواش کا انعقاد بلا شبہ ملک کے لئے خوش آئند ہے۔دنیا بھر کے بہترین کھلاڑیوں کی شرکت پر امن اور دوستانہ ماحول کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اور اس سے ملک کے بڑے شہروں میں بین الاقوامی کھیلوں کی واپسی کی راہ ہموار ہو گی۔