کوہاٹ؍کابل(این این آئی) افغان الیکشن کمشن نے مزید پانچ صوبوں میں پارلیمانی انتخابات کے غیرختمی نتائج کا اعلان کردیا اوراس طرح اب تک 33 میں سے17 صوبوں میں نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ افغان دارالحکومت کابل سمیت 16 صوبوں کے نتائج کا اعلان ہونا باقی ہے۔گزشتہ روز افغان الیکشن کمیشن کے عہدیدار عبدالبادی سید نے مزید پانچ صوبوں کنڑ‘ سمنگان‘ سرائے پل‘ میدان وردک اور نورستان میں پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ ابتدائی اور غیرختمی نتائج کے مطابق جن 17 صوبوں میں نتائج کا اعلان کیا گیا ہے ان میں کئی خواتین اراکین بھی کامیاب ہوئی ہیں جن میں وگمہ صافی‘ محبوبہ رحمت‘ عزیزہ جالیس‘ حلیمہ عسکری ‘ حمیدہ اکبری‘ زاہدہ فیضان‘ فریدہ حمیدی اور ریحانہ آزاد شامل ہیں۔ یاد رہے کہ افغانستان کے صوبہ غزنی کے علاوہ باقی 32 صوبوں میںافغان پارلیمانی انتخابات کئی سالوں کی تاخیر سے امسال20اکتوبرکو منعقد ہوئے تھے جبکہ صوبہ قندہار میں 27 اکتوبر کو انتخابات منعقدہوئے تھے۔صوبہ غزنی میں امن وامان کی خراب صورتحال کے باعث انتخابات نہیں ہوئے تھے۔ افغان الیکشن کمشن کے مطابق جن 18 صوبوں میں نتائج کا اعلان کیا گیا اْن میں کنڑ‘ سمگان‘ سرائے پل‘ میدان وردک‘ نورستان‘ خوست‘ نمروز‘ پروان‘ لغمان‘ پنج شیر‘ کپیسا‘ تخار‘ دیہی کنڈی‘ فراہ‘ جوزجان‘ اورزگان اور بامیان شامل ہیں۔
افغانستان: مزید 5 صوبوں میں پارلیمانی الیکشن کے غیر حتمی نتائج کا اعلان، کئی خواتین کامیاب
Dec 03, 2018