حکومت کی 100دن کی کارکردگی نے عوام کومسائل کی دلدل میں دھکیل دیا، ڈاکٹرطارق سلیم

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ وزارت عظمیٰ جیسے اہم منصب کا تقاضا ہے کہ مکمل ہوم ورک کے بعد قومی سطح کی بات کی جائے مضحکہ خیز سطحی بیانات سے جہاں عالمی سطح پرپاکستان کے وقارکونقصان پہنچ رہا ہے وہیں ملک کے اندرعوام سمیت سرمایہ کاروں کااعتماد بھی مجروح ہورہا ہے۔ان خیالات کااظہارانھوں نے صوبائی ذمہ داران کے اہم اجلاس اورجماعت اسلامی آزاد کشمیر کی ضلعی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرصوبائی جنرل سیکرٹری اقبال خان ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عثمان آکاش،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،جے آئی یوتھ کے صوبائی صدراویس اسلم مرزا بھی شریک تھے ۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ قوم نے موجود ہ حکمرانوں کوتبدیلی اورمسائل سے نجات کیلئے ووٹ دیا لیکن پہلے 100دن کی کارکردگی نے 22کرو ڑ عوام کومسائل کی دلدل میں دھکیل دیاہرگزرنے والا دن مسائل میں پسے ہوئے مظلوم طبقات کی مشکلات میں اضافہ کررہا ہے حکومتی اقدامات یوٹرن اورعوام کے مسائل میں اضافے کے علاوہ کچھ نہیں ۔ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے ڈالرکی قیمت میں اضافے نے ثابت کردیا کہ موجود ہ حکومت کے پاس معاشی حوالے سے کوئی پلان نہیں محض قرضوں اوربھیک سے ملک اوریاستیں اپنے پائوں پرنہیں کھڑی ہوسکتیں۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ نبی مہربان ﷺکے احکامات کوعملی زندگی اوراسلام کے نام پر وجود میں آنے والی ریاست میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے ،مدینہ جیسی اسلامی ریاست کے دعووں کوعملی تعبیردی جائے اورسودی معیشت کا خاتمہ کرکے اسلامی نظام معیشت کوفروغ دیا جائے تاکہ پاکستان کوآئی ایم ایف اورورلڈ بنک سمیت عالمی ساہوکاروں کے چنگل سے بچایا جاسکے ۔

ای پیپر دی نیشن