نواب شاہ سٹی میں دکانوں اورمکانوں کاانہدام المیہ ہے‘ مصطفی کمال

Dec 03, 2018

کراچی (نیوزرپورٹر) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے نواب شاہ سٹی میں عوام کی دکانوں اور گھروں کو مسمار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سپریم کورٹ کے احکامات کا مکمل احترام کرتے ہیں لیکن انتظامیہ ان احکامات کا غلط استعمال کر کے لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کرپٹ حکومتیں لوگوں کو گھروں اور دکانوں سے نکال کر کھلے آسمان تلے بے آسرا چھوڑیں گی تو پاک سر زمین پارٹی اس عمل کے خلاف کھڑی ہوگی، سندھ حکومت سپریم کورٹ کے آرڈر کی آڑ میں زبان کی بنیاد پر انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے جو غلط کام کرنے پر بچوں کی سرزنش کرتی ہے لیکن انہیں گھر سے نکال کر بھوکا نہیں مارتی، لوگوں کو بے روزگار کر دیا گیا ہے، جس سے ہزاروں کی تعداد میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں اور ملکی معیشت پر منفی اثرات نمایاں ہو رہے ہیں اور روپے کی قدر تیزی سے گر رہی ہے۔

مزیدخبریں