پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما وپنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازنے گورنر ہاوس پنجاب کی دیوار یں گرانے پراپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج مزید 1300پوائنٹ گر گئی اور حکمران دیواریں توڑنے کے تماشوں میں مصروف ہیں .حکمران تماشے چھوڑ یں، سنجیدہ،سنگین ہوتے قومی معاملات اور غیریقینی صورتحال پر فوری توجہ دیں .دیواریں گرانے کے بجائے اس وقت معاشی استحکام، صنعتی ترقی اور اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی پر توجہ کی ضرورت ہے.معاشی واقتصادی مسائل، ہر روز بڑھتی مہنگائی گورنر ہاوس کی دیواریں توڑ کر ختم نہیں ہوں گے. انہوں نے کہا کہ حکومت کے سو دن میں مہنگائی کے سونامی نے غریب،کمزور، تنخواہ دار اور کاروباری لوگوں کا جینا مشکل کر دیا ہے.کٹّوں، دیسی مرغیوں اور انڈوں سے ملک چلانے والے گورنر ہاوس کی دیواریں ہی توڑ سکتے ہیں . انہوں نے کہا کہ عمران نیازی صاحب میں اہلیت صرف پارلیمنٹ، پی ٹی وی اور اب گورنر ہاوس کی دیواریں توڑنے ہی کی ہےـپنجاب گورنر ہاوس ہمارا قومی ورثہ اور پنجاب کی سیاسی تاریخ و ثقافت کا اہم جزو ہے. انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس کی دیواریں توڑ کر لوہے کے جنگلے لگانے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے. گورنر ہاوس کی دیوار توڑنے کا حکم کس ضابطے اور قانون کے تحت دیا گیا ہے؟یہ تعمیر کس اصول اور ضابطے کے تحت کی جارہی ہے؟ کیا اس کے لئے ضابطے کی کوئی کاروائی ہوئی؟ حمزہ شہباز نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں روپے کی دیوار توڑ کر دوبارہ کروڑوں روپے کا لوہا لگایا جا رہا ہے، کیا کوئی ادارہ نوٹس لے گا؟عمران صاحب نے اپنے قول وفعل سے قوم کومایوس کیا اوراب ملک کی جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں . افراط زر کی شرح میں جس تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، عوام اذیت میں ہیں ,نیازی صاحب! بھینسیں بیچنے، کٹے، دیسی مرغی،انڈوں سے معیشت چلا نے اوردیواریں گرانے کے تماشوں کے پیچھے آپ اپنی نااہلی نہیں چھپا سکتے, نیازی صاحب! آپ نے اپنی نااہلی، جھوٹ، یو ٹرن اور بدنیتی سے اپنے پہلے100 دن میں ملک کو ناقابلِ نقصان پہنچایا ہےـاللہ خیر کرے! خشک جنگل میں ایک شخص ماچس لئے گھوم رہا ہےـ