مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا محاصرہ جاری، 2 نوجوان کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل منتقل

Dec 03, 2019

سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر بالخصوص وادی کشمیر اور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں گزشتہ 120روز سے فوجی محاصرہ اور انٹرنیٹ کی معطلی مسلسل جاری ہے اوران چار ماہ کے دوران صورتحال میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض حکام نے کپواڑہ اور سرینگرمیں دو کشمیری نوجوانوںپر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کرکے ان کو سینٹرل جیل سرینگر منتقل کردیا ہے۔ محمد افضل لون اور فیاض احمد گنائی کو بھارتی پولیس نے بھارت مخالف مظاہروں کا اہتمام اور پتھرائو کرنے کا الزام لگاکر گرفتارکیا تھا۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی قابض انتظامیہ ایم ایل اے ہوسٹل سرینگر میں نظربند سیاسی رہنمائوں میں سے چند رہنمائوں کو اپنے گھروں میں منتقل کرکے ان کے گھروں میںنظر بند کرے گی۔ بظاہر گھروں میں منتقلی کی وجہ ہوسٹل میں جس کو سب جیل قراردیا گیا ہے ۔ سہولیات کی عدم فراہمی بتایا جارہا ہے۔ رپورٹ میں منتقل کئے جانے والے رہنمائوں کا نام ظاہر کئے بغیر کہاگیا ہے کہ علیل اور بزرگ رہنمائوں کو دسمبر کے پہلے ہفتے میں ان کے گھروں میں منتقل کیا جائے گا۔ گزشتہ ہفتے دو نظربند رہنمائوں حکیم محمد یاسین اور محمد اشرف میر کو ہوسٹل سے رہا گیا تھا‘ تاہم انہیں گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں