نیپالی ویمن کرکٹر کا ٹی ٹونٹی میں بہترین بالنگ کا عالمی ریکارڈ

Dec 03, 2019

لاہور(سپورٹس ڈیسک)نیپالی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی انجلی چاند نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں اننگز میں بہترین بالنگ کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ۔ ساتھ ایشین ویمن گیمز میں کرکٹ چیمپئن شپ مقابلے میں مالدیپ ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کرنیپال کیخلاف پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ، مالدیپ کی اوپنر سجا فاطمہ کھاتہ کھولنے میں بھی ناکام رہیں اور رن آئوٹ ہوگئیں،ان کے بعد آنے والی سمیا عبدل بھی 6گیندیں کھیلنے کے باوجود ایک بھی رن بنائے بغیر پوویلین لوٹ گئیں،مالدیپ کی کپتان زونا مریم کو انجلی چاند نے 10گیندیں کھیلنے کے باوجود ایک بھی رن بنانے کا موقع دیئے بغیر پویلین بھیج دیا ،وکٹ کیپر بلے باز حفصہ عبداللہ محض4رنز بنا کر پوویلین لوٹیں،ان کے بعد آنے والی کسی بھی بلے باز نے ایک بھی رن نہ بنایا اور مالدیپ کی پوری ٹیم10.1اوورز میں محض16رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی ، اوپنر حمزہ نیاز9رنز کے ساتھ کامیاب ترین بلے باز رہیں جبکہ مالدیپ کی8کھلاڑیوں نے کھاتہ بھی نہ کھولا ۔نیپالی ویمن ٹیم کی جانب سے24سالہ انجلی چاند نے2.1اوورز میں بغیر کوئی رن دیئے مالدیپ کی 6کھلاڑی پویلین لوٹائیں ،یہ مینز یا ویمنز ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی بالر کی بہترین کاوش بنی،انہوں نے آخری تین کھلاڑیوں کو مسلسل تین گیندوں پر آئوٹ کرکے ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی،انجلی چاند سے قبل ملائیشیا کی ماس ایلیسا نے جنوری2019میں چین کی ٹیم کیخلاف3رنز دیکر 6شکار کیے تھے ۔ نیپالی ویمن ٹیم نے 17رنز کا ہدف پہلے ہی اوور میں بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا ۔

مزیدخبریں