لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کے بعد وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پھٹ پڑے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں علی زیدی نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’پہلے میں نے خاموش رہنا بہتر سمجھا کیوں کہ ٹیم منتخب کی جاچکی تھی اور کھلاڑی آسٹریلیا کیلئے نکل چکے تھے۔لیکن سچی بات یہ ہے کہ کیا سوچ کر پی سی بی نے سرفراز احمد کو ٹیم سے ڈراپ کیا تھا؟ اس نے تن تنہا ٹی ٹونٹی میں نمبر ون بنایا، ساتھ ہی چیمپئنز ٹرافی جتوائی۔آئی سی سی ایونٹ میں سرفراز نے دو بار بھارت کو ہرایا اور حالیہ عرصے میں پاکستان کا کامیاب ترین کپتان رہا۔ جب مصباح اور وقار کی جوڑی نے سرفراز احمد کو ڈراپ کیا تو سب کو دال میں کچھ کالا محسوس ہوا کیونکہ سرفراز کیلئے ان کی ناپسندیدگی کو سب جانتے ہیں اور ان کی ذاتی پسند ناپسند سے پاکستان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ٹیموں میں گروپنگ کا ہونا کوئی نئی بات نہیں لیکن انہیں خفیہ رکھا جاتا ہے اور پی سی بی کی لیڈرشپ کا یہ کام ہے کہ وہ اسے ابتداء ہی میں ختم کرے لیکن افسوس کی بات ہے کہ اس بار یہ ساری باتیں کھل کر سامنے آگئیں جس کا نتیجہ پاکستان کی خراب کارکردگی کی صورت میں دیکھنے کو ملا۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہر سطح پر کچھ سخت فیصلے لیے جائیں۔