لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل کا میلہ سجے گا۔توقع ہے کہ ملتان میں پی ایس ایل کے پانچویں سیزن میں پانچ میچزکھیلے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں سکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے سٹی پولیس آفسیرمحمد زبیردریشک اور ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک سے ایسٹرن سٹار انٹرنیشنل کے غیر ملکی سکیورٹی وفد نے ملاقات کی۔سکیورٹی وفدکی قیادت مسٹر ریجڈکسن اور ڈیوڈ سمینر کر رہے تھے۔ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر سکیورٹی انٹرنیشنل کرنل(ر) آصف محمود اور میجر(ر) اظہر عارف, ایس ایس پی کاشف اسلم اور سی ٹی او ہمانصیب بھی موجود تھیں۔ سٹی پولیس آفیسر محمدزبیر دریشک نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ ملتان میں پی ایس ایل میچز کرانے کے لیے مکمل تیار ہے۔پی ایس ایل کے موقع پر سکیورٹی کے مثالی انتظامات کئے جائیں گے۔انہو ں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑی سٹیٹ گیسٹ کا درجہ رکھتے ہیں۔ پولیس کو سکیورٹی کے لیے تمام اداروں کی بھرپور مدد حاصل ہے۔سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے فرضی مشق بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم کے اندر، پارکنگ ایریا، روٹ اور کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں کے اطراف میں بھرپور سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔میچوں کے دوران مکمل سکیورٹی اور ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے گا۔ضرورت پڑنے پر ڈویژن کے دوسرے اضلاع سے بھی پولیس کو طلب کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میچز کا انعقاد ملتان کے لئے اعزاز ہے۔ اس خطے کے لوگوں میں پی ایس ایل میچز کے بارے بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ ملتان کی دھرتی نے نامور کرکٹر پیدا کئے ہیں۔غیر ملکی وفد نے سکیورٹی کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا اور سٹیڈیم کا بھی دورہ کیا۔ملتان میں پی ایس ایل کے پانچ میچز کھیلے جانے کا امکان ہے۔
ملتان میں پی ایس ایل میچز‘غیر ملکی سکیورٹی ماہرین کا دورہ سٹیڈیم
Dec 03, 2019