آسٹریلیا سے واپسی پر وزیر اعظم ٹیم کارکردگی پر نوٹس لیں گے:فیصل جاوید

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ کرکٹ کو دیکھنا کپتان کا کام ہے مصباح الحق کا نہیں،ٹیم کی آسٹریلیا سے واپسی پر وزیر اعظم خود نوٹس لیں گے، ٹیسٹ ٹیم اور ون ڈے ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا،وزیراعظم ڈومیسٹک اور ٹیسٹ ٹیموں سمیت کرکٹ انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، پی ایس ایل نجم سیٹھی کی مرہون منت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وقت نہ ملنے کی وجہ سے کرکٹ دیکھ نہیں سکا مگر اب ٹیم کی وطن واپسی پر کرکٹ نظام پر خود نوٹس لوں گا، وزیراعظم ڈومیسٹک اور ٹیسٹ ٹیموں سمیت کرکٹ انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اس کے ساتھ ہی پی سی بی، ٹیسٹ میچ اور ون ڈے ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔اسپورٹس انتظامیہ غیر مناسب اقدامات کر رہی ہے جس کی وجہ سے کرکٹ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، ہمیں کرکٹ کو ٹھیک کرنا ہے، اس ضمن میں وزیراعظم نے سپورٹس بورڈ سے کہا ہے کہ بہترین نتائج چاہئیں۔ کرکٹ جگاڑ سے ٹھیک نہیں ہوتی اس کیلئے حکمت عملی چاہیے، ینگ ٹیلنٹ والا فارمولا ناکام ہوچکا ہے۔ کرکٹ انتظامیہ اور ٹیم مینجمنٹ کی کارکردگی متاثر کن نہیں ہے، سلیکشن کا طریقہ کار بھی غیر مناسب ہے۔پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل نجم سیٹھی کی مرہون منت نہیں ہے۔کرکٹ کی بہتری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں مداخلت بہت زیادہ ہے جسے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ کرکٹ میں بھی احتساب بہت ضروری ہے۔

ای پیپر دی نیشن