لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)نیپال میں جاری 13 ویں ساؤتھ ایشین گیمز میںپاکستان نے دو گولڈ سمیت تیرہ میڈلز جیت لئے ہیں ۔ گرین شرٹس نے چاندی کے چار اور کانسی کے سات تمغے جیتے ہیں ۔ نیپال پندرہ گولڈ ‘تین سلور اور چھ کانسی کے تمغوں کیساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ بھارت تین گولڈ ‘آٹھ سلور اور تین کانسی کیساتھ دوسرے ‘سری لنکا تین گولڈ ‘سات چاندی اور چودہ کانسی کیساتھ تیسرے ‘بنگلہ دیش دو گولڈ ‘سولہ کانسی کے ساتھ تیسرے‘بھوٹان ایک کانسی کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ مالدیپ نے تاحال کوئی تمغہ نہیں جیتا ہے ۔ پاکستانی کراٹیکاز نے 2گولڈ میڈلز جبکہ تائیکوانڈو میں چاندی کا ایک اور کانسی کے 4 تمغے جیتے۔ٹینس میں قومی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی جبکہ بیڈمنٹن میں سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز کے مقابلے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو اور پوکھارا میں جاری ہیں جہاں کراٹے کے مقابلوں میں پاکستانی اتھلیٹس چھائے رہے۔کراٹے میں پاکستان کی شاہدہ عباسی نے انفرادی کاتا جبکہ محمد اویس نے انڈر 84 کے جی کی کیٹیگری میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈلز حاصل کیے۔اوور 84 کیٹیگری میں پاکستان کے باز محمد نے سلور میڈل جیتا جبکہ نعمت اللہ نے مردوں کے انفرادی کاتا میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا،ٹیم کاتا میں نرگس، شاہدہ اور نازگل نے پاکستان کیلئے سلور میڈل جیتا۔مردوں کی ٹیم کاتا میں نعمت اللہ، نصیر احمد اور نعمان احمد نے برانز میڈل حاصل کیا۔ اقراء انور نے خواتین کے 45 کے جی اور صابرہ گل نے خواتین کے 50 کے جی کراٹے مقابلوں میں برانز میڈل حاصل کیا۔تائیکوانڈو میں مہرالنسا ء اور شہباز نے پیئر ایونٹ میں پاکستان کیلئے سلور میڈل جیتا جبکہ مہرالنسا نے انفرادی مقابلوں میں بھی برانز میڈل حاصل کیا۔اقراء ، آصفہ اور مہرالنسا نے ٹیم ایونٹ میں برانز میڈل حاصل کیا جبکہ ممتاز اور آصفہ کی جوڑی نے پیئر میں برانز میڈل حاصل کیا۔ٹینس میں پاکستا ن نے سری لنکا کو شکست دے کر مینز ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، پاکستان کی جانب سے اعصام الحق اور عقیل خان نے سنگلز جبکہ عابد اور مذمل نے ڈبلز میں کامیابی حاصل کی۔پاکستان مینز ٹیم کل بھوٹان سے سیمی فائنل میں مقابلہ کریگی۔بیڈمنٹن ٹیمز ایونٹ میں پاکستان کی مینز اور ویمنز ٹیموں کو سیمی فائنل میں بھارت نے شکست دی جبکہ والی بال میں پاکستان آج گولڈ میڈل کیلئے بھارت سے مقابلہ کرے گا۔