اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے نجی سکولوںکی فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ استاد کا معاشرے میں ایک منفرد مقام ہے ، ہمیں اساتذہ سے مار بھی پڑتی تھی مگر کبھی کلاس روم سے باہر بات نہیں نکلتی تھی ، اب پتہ نہیں ہم کدھر جا رہے ہیں، اقدار و اطوار بدل گئے ہیں۔ گزشتہ روز فاضل جسٹس نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے پیرا کو تمام اسٹیک ہولڈر کے ساتھ مل کر رولز بنانے کی ہدایت کی تو پیرا کے وکیل نے کہاکہ انٹرا کورٹ اپیل ڈویژن بنچ میں زیر سماعت ہے اس کا انتظار ہے جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے دوران نجی تعلیمی اداروں کے وکیل نے کہا کہ والدین کا اساتذہ کے ساتھ رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔
استاد کا معاشرے میں منفرد مقام، اب پتہ نہیں ہم کدھر جا رہے ہیں، ہائیکورٹ
Dec 03, 2019