ہملٹن ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن، انگلش کپتان جوئے روٹ کی ڈبل سنچری

Dec 03, 2019

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)کپتان جو روٹ کی ڈبل سنچری کی بدولت انگلینڈ ٹیم ہیملٹن ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں 476 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، جو روٹ 226 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، کیویز ٹیم نے میچ کے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنا لئے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے 5 رنز درکار ہیں جبکہ اسکی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں، کیویز کی دوسری اننگز میں ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان کین ولیمسن اور راس ٹیلر انگلش بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، کین ولیمسن 37 اور راس ٹیلر 31 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔نیل واگنر نے پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پیر کو ہیملٹن میں ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 269 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو جو روٹ 114 اور اولی پوپ 4 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چھٹی وکٹ پر 193 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا مجموعی سکور 455 رنز تک پہنچا دیا، اس موقع پر اولی پوپ اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں 71 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 75 رنز بناکر واگنر کی گیند پر راوال کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، ایک اینڈ پر جو روٹ نے اپنی عمدہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا، اولی پوپ انگلینڈ کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔جوروٹ انگلینڈ کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو اپنی ڈبل سنچری مکمل کرنے کے بعد 226 رنز بناکر سانٹنر کی گیند پر نیکولس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، انکے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا، کرس واکیز بغیر کوئی رن بنائے واگنر کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، جوفرا آرچر 8 رنز بناکر واگنر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، سٹورٹ براڈ انگلینڈ کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے واگنر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، کیرن 11 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔انگلینڈ کی ٹیم کیویز اننگز کے سکور 375 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 476 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، نیل واگنر نے 5، ٹم سائوتھی نے دو، جبکہ ہنری اور سانٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، جواب میں کیویز ٹیم کی طرف سے ٹام لیتھم اور جیت راوال نے مایوس کن انداز میں دوسری اننگز کا آغاز کیا، جیت راوال بغیر کوئی رن بنائے ثام کیرن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، ٹام لیتھم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 18 رنز بناکر واکیز کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔میچ کے چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو کیویز نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنالئے تھے اور اسکو انگلینڈ کی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 5 رنز کی ضرورت تھی جبکہ اسکی 8 وکٹیں ابھی باقی تھیں، کپتان کین ولیمسن 36 اور راس ٹیلر 26 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ انگلینڈ کی طرف سے ثام کیرن اور کرس واکیز نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

مزیدخبریں