بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی کا مشہور سیاحتی ساحل زہریلی جھاگ سے سفید ہو گیا۔بھارت ان دنوں فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہے اور دارالحکومت نئی دہلی میں ائیر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد سے بھی تجاوز کر چکا ہے، ایسے میں چنئی کے ساحل پر زہریلی جھاگ نے بھارت میں آلودگی کے خطرات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مسلسل چوتھے روز چنئی کے ساحل پر کئی کلو میٹر کے رقبے پر زہریلی جھاگ دیکھی جا رہی ہے جس سے ساحل سفید نظر آ رہا ہے تاہم حکام ابھی تک جھاگ بننے کی وجہ معلوم کرنے سے قاصر ہیں۔ڈاکٹرز کی جانب سے زہریلی جھاگ سے جِلدی امراض کے خدشے کے باوجود سیاحوں کی بڑی تعداد زہریلی جھاگ کے ساتھ سیلفیاں بنا رہی ہے اور بچے جھاگ میں کھیل کود رہے ہیں۔تامل ناڈو پلوشن کنٹرول بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ زہریلی جھاگ کے سیمپل اکٹھے کر کے اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ماہی گیروں کو بھی سمندر میں جانے سے منع کر دیا گیا جب کہ 2017 میں اسی سیزن میں آلودگی کے باعث بڑی تعداد میں مچھلیاں مرنے کے باعث حکام کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ چنئی کا مرینا ساحل ایک صدی سے زائد عرصے سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے جہاں ویک اینڈ پر ہزاروں کی تعداد میں سیاح سیرو تفریح کے لیے آتے ہیں۔