پاکستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ پورٹل ”زمین ڈاٹ کام“ کے زیر انتظام دبئی میں ”پاکستان پراپرٹی شو“ 6 دسمبر 2019 کو شروع ہوگا۔ زمین ڈاٹ کام کے حکام نے کہا ہے کہ دو روزہ ایونٹ 6 اور 7 دسمبر 2019 کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہوگا جو کمپنی کا مسلسل تیسرا سالانہ پراپرٹی شو ہو گا۔گزشتہ 2پراپرٹی شو کے دوران 31ہزار سے زیادہ وفود نے شرکت کی تھی۔زمین ڈاٹ کام کے زیر انتظام منعقد کرائے گئے 17 مختلف پراپرٹی شوز میں 10 لاکھ سے زیادہ وفود شرکت کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں منعقد ہونے والے تیسرے سالانہ 2روزہ پاکستان پراپرٹی شو میں کراچی ‘لاہور ‘ اسلام آباد ‘ ملتان ‘ پشاور ‘ مری ‘ فیصل آباد ‘ گوجرانوالہ ‘ رحیم یار خان ‘ گوادر ‘ بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے معروف پراپرٹی ڈویلپرز شرکت کریں گے اور اس سے سمندر پار مقیم پاکستانیوں سمیت رئیل سٹیٹ کے شعبہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع سے آگاہی حاصل ہو گی جس سے شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔