جماعۃ الدعوۃ رہنماؤں ظفر اقبال، یحییٰ مجاہد کو ایک اور مقدمہ میں ساڑھے 15، 15سال قید 

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جماعۃ الدعوۃ کے تین رہنماؤں کو ایک اور مقدمہ میں سزائیں سنا دیں۔ پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے پندرہ، پندرہ سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں سی ٹی ڈی کی طرف سے فیصل آباد میں درج مقدمہ نمبر 42/19کی سماعت ہوئی جس میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ اور جرح کے بعد فیصلہ سنایا گیا ہے۔ گواہوں کے  بیانات پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کے وکیل نصیرالدین نیئر اور محمد عمران فضل ایڈووکیٹ کی طرف سے جرح کی گئی۔ عدالت نے زیر سماعت دیگر مقدمات کی سماعت آج جمعرات تک کیلئے ملتوی کر دی۔ بعدازاں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج ارشد حسین بھٹہ کے روبرو بھی جماعۃالدعوۃ کے رہنماؤں کو پیش کیا گیا جہاں مقدمہ نمبر 88/19 اور 23/19 کی سماعت ہوئی۔ جماعۃ الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی کی طرف سے کل اکتالیس مقدمات درج ہیں جن میں سے پچیس کے فیصلے ہو چکے ہیں جبکہ باقی زیرسماعت ہیں۔

ای پیپر دی نیشن