اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے عمران خان کی گلگت بلتستان میں تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کرپشن بیانیہ جھوٹ، منافقت اور طوطا کہانیوں پر مشتمل تھا۔ اب سلیکٹڈ وزیراعظم پر عوام کا عذاب نازل ہو چکا ہے اس لئے وہ الوداعی دورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹریز اور بی آر ٹی میگا کرپشن عمران خان کی کرپشن کو بے نقاب کر رہی ہے۔ خزانہ، پٹرولیم، تجارت، اوورسیز سمیت تمام محکمے ان کے فرنٹ مینوں کے پاس ہیں جو دن رات لوٹ مار کررہے ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ سٹیل ملز اور پی آئی اے عمران خان کی آنکھوں میں چبھ رہے ہیں۔ نجکاری کی آڑ میں قومی اثاثے ہتھیانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ عمران خان اقتدار میں رہے تو قومی اثاثے صفر رہ جائیں گے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ غریب بیرزگاری اور معاشی بدحالی کا شکار ہیں جبکہ عمران خان کی معاشی ترقی عروج پر ہے۔ آج سے دس سال پہلے ان کا بنی گالہ میں ایک ویران مکان تھا جو اب پرکشش محل بن چکا ہے جس کی ہر اینٹ کرپشن کی گواہی دے رہی ہے۔
سٹیل ملز اور پی آئی اے عمران خان کی آنکھوں میں چبھ رہے ہیں: نفیسہ شاہ
Dec 03, 2020