لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ملتان کاجلسہ جس طرح ہوکر رہا، اسی طرح آپ کو گھر تو جانا ہی پڑے گا۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران صاحب آپ کو 13 دن کا الٹی میٹم ہے۔ اس عرصے میں استعفی دیدیں، اسی میں آپ کی بہتری ہے۔ جس طرح آپ کو یہ سمجھ آگئی کہ جلسہ تو ہوکر رہے گا، یہ بھی سمجھ جائیں اور گھر جائیں کیونکہ 13 دن میں مستعفی نہ ہوئے تو پھر آپ کو بتائیں گے کہ آپ نے گھر کیسے جانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ سے لے کر ملتان تک فسطائی ووٹ چور حکومت نے پی ڈی ایم کا ہر جلسہ روکنے کی ناکام کوشش کی۔ پی ڈی ایم کے جلسے فسطائی ووٹ چورحکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ آٹا چینی چور حکومت کی ہر کوشش عوام کے سمندر نے ناکام بنادی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عمران صاحب عوام کا ایسا سمندر امڈ کر آئے گا جو آپ کی ووٹ چورظالم حکومت بہا لے جائے گا۔ عوام آپ پر عدم اعتماد کرچکے، ووٹ چور حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب 13 دن میں آپ نے قوم کا فیصلہ نہ مانا تو عوامی سمندر آپ کے جعلی اقتدار کے لئے سونامی ثابت ہوگا۔