کراچی کو خیراتی پیکیج کے احسان کی ضرورت  نہیں:مصطفی کمال

کراچی (نیوزرپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کو کسی خیراتی پیکج کے احسان کی ضرورت نہیں ہے بلکہ کراچی کو اسکا جائز حق دینے کی ضرورت ہے۔ کراچی کے مسائل پر حکمرانوں کی جانب سے اعلانات اور اجلاس ضرور ہوتے ہیں لیکن انتہائی افسوسناک امر ہے کہ کراچی سے کمایا پیسہ سبکو اچھا لگتا ہے لیکن کراچی کا کوئی پرسان حال نہیں۔ پوری دنیا میں کراچی جیسی ایک بھی مثال موجود نہیں جہاں ملک کے حکمرانوں نے اسی شاخ کو کاٹ رہے ہوں جس پر بسیرا کرتے ہیں۔ کراچی کا حال پاکستان کا مستقبل ہے اور اس سے فرار ممکن نہیں۔ کراچی کی ترقی میں پاکستان کی سلامتی، ترقی اور امن ہے۔  اب کراچی کو لاوارث سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔ کراچی کو اسکا حق دیں کیونکہ اہل کراچی پاک سر زمین کے پرچم تلے متحد ہو کر اپنا حق لینا جانتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکریٹریٹ پاکستان ہاس میں کراچی میونسپل کارپوریشن کے ملازمین پی ایس پی میں شمولیت کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی فنانس سیکریٹری شاکر علی اور لیبر فیڈریشن کے صدر ندیم خان اور جوائنٹ انچارج محمد وسیم بھی موجود تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن