کراچی (نیوزرپورٹر)آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی اور مرکزی رہنماؤں، شہاب اقبال، محمد یونس ، ڈاکٹر نجیب میمن، دوست محمد دانش، مرتضی شاہ، محمد سلیم، توصیف شاہ، محمد ساجد، اعجاز علی اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے کہا ہے کہ سیکریٹری ایجوکیشن سندھ کے جاری کردہ 27 نومبر کے نوٹیفکیشن کے مطابق 26 نومبر 2020 سے 10جنوری 2021 تک تمام سرکاری و نجی اسکولز ھوم بیسڈ لرننگ کی حکمت عملی اختیار کریں گے جس کیلئے سندھ میں سردیوں کی تعطیلات بھی ختم کر دی گئیں ہیں اور یہ کہ تمام اسکولز کھلے رہیں گے اساتذہ اسکول آئیں گے آن لائن کلاسز لیں گے بصورت دیگر ہفتہ وار بنیادوں پر روزانہ ایک سے دو کلاسز کے بچوں کو بلا کر ہوم ورک اسائنمنٹ پلان سمجھایا اور دیا جائے گا اور دوسرے ہفتے سے جمع بھی کئے جائیں گے والدین بھی اسکول آ کر یہ ہوم ورک جمع کرا سکتے ہیں۔بورڈز کے شیڈول کے مطابق نویں اور دسویں جماعت کے انرولمنٹ و امتحانی فارم بچوں کو دئیے اور جمع کئے جائیں گے۔والدین اور بچوں کو یہ بات سمجھانا ہو گی کہ اسکولوں کی چھٹیاں نہیں ہیں بلکہ ہائبرڈ ایجوکیشن کا سلسلہ بغیر کسی وقفے کے 10 جنوری 2021 تک جاری رہیگا۔ان رہنماؤں کا مذید کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم فوری طور پر اس نوٹیفکیشن کو ضلعی انتظامیہ تک پہنچا دے تاکہ اسکولز اور انتظامیہ کے مابین کوئی ابہام پیدا نہ ہو اور ان کو پریشان نہ کیا جائے۔