لاہور (صباح نیوز) پنجاب حکومت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی پیرول میں آج جمعرات تک ایک دن کی توسیع دے دی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت بدھ کو ختم ہوگئی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مسلم لیگ (ن) کی درخواست پر محکمہ داخلہ سے مشاورت کی جس کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ دریں اثناء عبدالغفور حیدری نے شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی علاوہ ازیں ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اس موقع پر مولانا محمد خان‘ قاری رمضان‘ حافظ فہیم الدین‘ محمد افضل‘ مولانا سلیم اللہ قادری‘ حافظ ریاض احمد مولانا منظور چترالی اور دیگر ان کے ہمراہ تھے۔